لاہور،08جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشداور چیف سیکرٹری پنجاب نے سول سیکرٹریٹ دربارہال میں معصوم بچوں کو پولیوکے قطرے پلاکرانسدادپولیومہم کا افتتاح کردیا۔
صوبائی وزیر صحت نے صوبائی ٹاسک فور س برائے انسدادپولیو کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔اجلاس میں 11جنوری سے شروع ہونے والی 5روزہ انسدادپولیو مہم کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔سیکرٹری صحت کیپٹن(ر)محمدعثمان یونس نے اجلاس کے دوران انسدادپولیو مہم اور صوبہ بھرمیں پولیو کی موجودہ صورتحال کی تفصیلات پیش کیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ انسدادپولیو مہم کے دوران صوبہ بھرکے 2کروڑ سے زائدبچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے،مہم کے انعقادکیلئے 48ہزارٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیو پروگرام کے مطابق تمام اضلاع میں ویکسین کی فراہمی مکمل کرلی گئی ہے، تمام ٹیموں کو کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرزتقسیم کئے گئے ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ 11تا 15جنوری تک پانچ روزہ انسدادپولیو مہم کے دوران ٹیموں کومکمل تحفظ دیاجائیگا،انسدادپولیو مہم کیلئے تمام ٹیموں کی تربیت کا مرحلہ مکمل کرلیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی ایس اوپیز کے تحت بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کو پولیو فری بنانے کیلئے حکومت تمام تر وسائل بروئے کارلارہی ہے، انتظامیہ نے کوروناوائرس پرقابوپانے کے دوران بہت کچھ سیکھاہے۔
اس موقع پرچیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز انسدادپولیومہم کی خودنگرانی کریں، مائیکروپلانز بہتربنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسدادپولیومہم کے سلسلہ میں ہیومن ریسارس مینجمنٹ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔محکمہ صحت اور انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں کے باعث مثبت نتائج حاصل ہوناشروع ہوگئے ہیں۔
سیکرٹری صحت کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس نے کہا کہ انسدادپولیومہم کی کامیابی کیلئے تمام اضلاع میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل کوارڈینیشن ہے۔











