پشاور،8جنوری (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان سے آل پاکستان بی کیپرزایکسپورٹرز اینڈشہد ٹریڈرزایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے جمعہ کو یہاں گورنرہائوس پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ میں وزیراعظم بلین ہنی ٹری منصوبہ کی اہمیت وافادیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
ملاقات میں شہد کی عالمی معیارکے مطابق ٹیسٹنگ کے عمل اورشہد کے کاروبار سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل وچیلنجز پربھی گفتگوہوئی جبکہ ملک میں شہد کی پیداوار کوعالمی معیارکے ٹیسٹنگ عمل میں کامیاب بنانے کیلئے مختلف تجاویز پربھی غورکیاگیا۔
اس موقع پر ملکی شہد کامعیاربہتربنانے کیلئے شہد کے کاروبارسے وابستہ افراد کی پیشہ وارانہ تربیت،صحت افزا ماحول اورعوام میں آگہی پیداکرنے جیسے اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیاگیا۔
گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان کاکہناتھاکہ پاکستان میں بہترین معیار کابیری کاشہد پایاجاتاہے،بیری شہد دنیا بھر میں پسند کیاجاتاہے اورخیبرپختونخوا بیری شہد کی پیداوار میں نہایت استعدادکاحامل صوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہدکی ٹیسٹنگ کوعالمی معیارکے مطابق ڈھالنے سے ملکی شہدکی پیداوار اور ایکسپورٹ میں بے تحاشااضافہ ہوگا، اس ضمن میں بلین ہنی ٹری منصوبہ کی کامیابی سے نہ صرف روزگار میں اضافہ ہوگابلکہ شہد کے کاروبار سے وابستہ افراد کی مالی حالت مستحکم ہوگی۔
ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنرسیف الاسلام،ڈائریکٹرجنرل پی سی ایس آئی آر سمیت دیگر متعلقہ حکام اورایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد میں صدر سلیم خان، جنرل سیکرٹری شیرزمان مومند، سینئرنائب صدر شیخ گل بادشاہ شریک تھے۔











