پی ٹی آئی  کی  کامیاب معاشی پالیسی  سے  ملک کا سالانہ 20بلین ڈالر کا خسارہ ختم ہوا ؛گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

98

سیالکوٹ ،8جنوری  (اے پی پی):گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جب 2018 میں اقتدار سنبھالا تو بڑے بڑے معیشت دان کہہ رہے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، لیکن اللہ کے فضل سے پی ٹی آئی کی حکومت نے تمام چیلنجز اور مسائل کا جوانمری سے سامنا کیا اور مشکل ترین حالات میں ایسی معاشی پالیسی بنائی جس سے ملک کا سالانہ 20بلین ڈالر کا خسارہ ختم ہوا اور آج معاشی خود انحصاری کے دور میں داخل ہونے جارہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے معاون گورنر پنجاب چودھری عنصر فاروق کی رہائش گاہ ماچھی کھوکھر میں اپنے اعزاز میں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا نے دنیا کے مضبوط ممالک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا، ہماری حکومت نے اس گھمبیر صورتحال سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ کرکے دنیاکو حیران کردیا اور آج فیصل آباد میں ٹیکسائل یونٹس میں کام کرنے کیلئے مزدور نہیں مل رہے۔

گورنر نے کہا کہ 170 ارب روپے سے کورونا سے متاثر ہونے والی حقیقی اور مستحق ڈیڑھ کروڑ فیملیز کی کفالت کی گئی۔ اس مشکل وقت میں 65این جی اوز کی مدد سے 20لاکھ لوگوں میں رضاکاروں کے ذریعے راشن پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شائد یہ مستحق اور غریب لوگوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم کورونا پر قابو پانے میں کامیاب رہے۔انہوں نے کہاکہ آب صاف پانی کے منصوبوں کے ذریعے ہر ایک کو پینے کا صاف پانی دیں گے۔ ان شاء اللہ عام آدمی کے مسائل کو حل کریں گے ۔

تقریب میں  صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید لاشاری، ڈی پی او اسد حسن علوی، اے سی سونیا صدف، مرکزی رہنما پی ٹی آئی عمر ڈار، عمر فاروق مائر، چودھری عنصر فاروق اور شاہنواز چیمہ سمیت پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے شرکت کی۔