ملتان،13 جنوری (اے پی پی ):ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد مگسی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ملاوٹی پتی،300 لٹر ملاوٹی دودھ، کو رینسڈ آئل اور مضرصحت گوشت بر آمد کر لیا ہے ۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے ملتان کے علاقے قاسم بیلہ میں الحمد ٹریڈرز شاہی ٹی کے نام سے کام کرنے والے سٹورپر چھاپہ مارا ،موقع پر ٹیسٹ کے دوران چائے کی پتی میں مضر صحت رنگ کی ملاوٹ پائی گئی،کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں ملاوٹی پتی اور پیکنگ مشین ضبط کرلی گئی ہیں ۔
ایک اور کارروائی میں ڈوگر ملک شاپ کو دودھ میں پانی کی ملاوٹ کرنے پر سربمہر کردیا گیا ، ملاوٹ ثابت ہونے پر 300 لٹر ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کیا گیا ،اللہ دتہ سویٹس کو مصنوعات کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے پر سیل کیا ہے ،گیلانی ریسٹورنٹ کو رینسڈ آئل اور مضرصحت گوشت کی موجودگی پر سربمہر کیا گیاہے ۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا عوام کو چاہیےکہ ملاوٹ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرکے ہمارا ساتھ دیں اور کہا کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی فیس بک، موبائل ایپلیکیشن، ویب سائٹ یا ہیلپ لائن 080080500 پر اطلاع دیں۔











