بی آر ٹی پشاور کی 18میٹر کی 30 نئی بسیں تیاری کے آخری مراحل میں، جلد بی آر ٹی سسٹم میں شامل ہوجائینگی: ترجمان محمد عمیر

113

پشاور، 18 جنوری(اے پی پی):  شہریوں کو بہترین سفری سہولت میں مزید جدت لانے اور بڑھتے ہوئے مسافروں کی تعداد کے پیش نظر عنقریب 18میٹر کی 30 نئی  Articulated  بسیں بی آر ٹی سسٹم میں شامل کردی جائینگی۔ یہ 30بسیں تیاری کے آخری مراحل میں ہیں جن پر دن رات کام جاری ہے۔ ان بسوں کی بی آر ٹی میں شمولیت کے فوری بعد ایکسپریس روٹ پر چلا دیا جائے گا۔

بی آر ٹی کی نئی بسوں کے سسٹم میں شامل ہونیکے بارے بی آر ٹی ترجمان محمد عمیر نے اپنے بیان میں کہاکہ 18میٹر کی ہر بس میں 125کے قریب مسافروں کی گنجائش ہے اور یہ تمام بسیں پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ہائبریڈ بسیں ہیں جو ماحول دوست ہیں۔

 ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا تھا کہ شہر میں چلنے والی پرانی بسوں اور ویگنوں کی خریداری اور سکریپنگ کا عمل بھی قوائد وضوابط کے عین مطابق جاری ہے۔

محمد عمیر نے بی آر ٹی کے محکماتی توسط سے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بسوں میں مختض خواتین کی نشستوں پر ہرگز مت بیٹھیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کسی شکایت و تجاویز کی صورت میں ٹرانس پشاور ہیلپ لائن 091.111.477.477 پر کال کریں۔