مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش کا خیبرپختونخوا کے اسٹارٹ اپس کے لیے اہم پیغام

100

پشاور، 19جنوری(اے پی پی): مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے وژن کے مطابق محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور آئی ٹی کے شعبے میں بہترین ٹریننگ اور مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، کیونکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیح ہے۔

ضیاء اللہ بنگش نے خیبرپختونخوا کے اسٹارٹ اپس کے لیے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کو ان کے کاروباری سرگرمیوں اور اسٹارٹ اپس کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے تا کہ صوبے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں اور نوجوان نوکری ڈھونڈنے کے بجائے نوکریاں پیدا کرنے کا سوچیں۔ اس مد میں خیبرپختونخوا حکومت نوجوان اسٹارٹ اپس کے آئیڈیاز و منصوبوں کی تکمیل کے لیے بھرپور تعاون و معاونت فراہم کرے گی اور ان کے منصوبوں کی بھرپور پروموشن کرے گی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے دُرشل پراجیکٹ کے تحت بھی اسٹارٹ اپس کو ان کے بزنس آئیڈیا کی تکمیل کے لیے بہترین ٹریننگ، سہولیات اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔