جعفرآباد،04 فروری (اے پی پی):ڈیرہ اللہ یارمیں جماعت اسلامی جعفرآباد یوتھ ونگ کے زیراہتمام عظیم الشان یکجہتی کشمیر موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں ضلع بھر کے نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں جماعت اسلامی جعفرآباد یوتھ ونگ کی جانب سے صدر جے آئی یوتھ جعفرآباد عبدالجبار بلوچ کی قیادت میں عظیم الشان یکجہتی کشمیر موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں ضلع بھر کے نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی، ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ سبی شاہراہ پر اختتام ہوئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عبدالجبار بلوچ نے کہا کہ پانچ فروری کو یومِ کشمیر منانے کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے، ہمارے کشمیری بھائی ایک طویل عرصہ سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت تقریباً 73 سالوں سے کشمیر کی عوام خواتین اور نوجوانوں پر بربریت کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ وہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح بھارتی ظلم کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں، پاکستان کے لوگ کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کرسکتا انشاءاللہ کشمیرعوام ہندوستان کے مصنوعی قید سے آزاد ہوگا اور انشاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان۔











