پشاور، 19فروری(اے پی پی): صوبائی معاون خصوصی تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ جامعہ پشاور کو ہر صورت مالی بحران سے نکالیں گے اور اس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مالی بحران ختم کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔
جامعہ پشاور کے مالی معاملات کا جائزہ اجلاس آج پشاور یونیورسٹی میں منعقد ہوا، جس میں جامعہ پشاور کو درپیش مالی بحران و حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیر خزانہ تیمور جھگڑا بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ پشاور نے کفایت شعاری و دیگر غیر ضروری اخراجات کم کرنے کے حوالے سے بریف کیا۔
وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے تجویز دی کہ جامعہ پشاور کے اثاثہ جات کو مزید کارآمد بناکر آمدنی بڑھائی جائے اور اس سلسلے میں باڑہ گلی کیمپس سمیت دیگر اثاثہ جات مالی فوائد کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقصد صرف یہی ہے کہ ہمارے ہر اقدام سے طلباء و اساتذہ مستفید ہوں۔











