ملتان،20مارچ(اے پی پی ):پوش علاقے کے بنگلے کا منظر پیش کرنیوالی جنرل بس اسٹینڈ میں واقع پاکستان کی سب سے خوبصورت پناہ گاہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ یہ وزیراعظم عمران کی فلاحی ریاست کے وژن کی تکمیل کی جانب ایک سنگ میل کی حیثیت رکھنے والے پناہ گاہوں کے قیام کے منصوبوں کی طرف ایک قدم ہے۔مسافروں، مزدوروں اور بے آسرا افراد کو پناہ گاہ میں گھر جیسا سکون اور مزے دار کھانا مفت میسر ہو گا۔
پناہ گاہ کے مرکزی دروازے اور بیرونی دیوار سے جھولتے ہوئے پھول آنے والے مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں۔ چھتوں اور دیواروں پر لگائے گئے برقی قمقمے نظر کو خِیرہ کر دیتے ہیں اور لان میں لگایا جانیوالا سبز مخملی گھاس ایک خوبصورت احساس دلاتا ہے۔
پناہ گاہ کی یہ خوبصورتی جنرل بس اسٹینڈ کے ایڈمنسٹریٹر رانا محسن کے جمالیاتی حسن کا کمال ہے۔پناہ گاہ میں 46 مہمانوں کے ٹھہرانے کے لئے منفرد بنکر بیڈز کی تیاری جاری ہے جبکہ پناہ گاہ کی دوسری منزل خواتین کے لئے مختص کی گئی ہے۔آنیوالے چند دنوں میں باقاعدہ افتتاح کے بعد پناہ گاہ قیام کے لیے اوپن کر دی جائے گی۔











