بورے والا میں شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری،سردی دوبارہ لوٹ آئی

88

بورے والا، 23 مارچ(اے پی  پی ):ملک کے  دیگر شہروں کی طرح بورے والا میں تیسرے روز شدید طوفانی بارش نے جل تھل ایک کردیا، متعدد علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، طوفانی بارش اور ژالہ باری سے سردی دوبارہ لوٹ آئی ہے اور درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک آگیا ہے۔

 طوفانی بارش سے دہلی ملتان روڈ سمیت اہم قومی شاہراہیں،بازار اور گلیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں، دوکانوں کے سائن بورڈ اور متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں جبکہ اس طوفانی بارش سے گندم کی تیار ہزاروں ایکڑ فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔بارش کے ساتھ آنے والے طوفان سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا اور متعدد فیڈرز پر بجلی کی فراہمی 8 گھنٹوں سے معطل ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ کل تک برقرار رہ سکتا ہے۔