لاہور، 24مارچ(اے پی پی): وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کاشتکاروں کے جائز مطالبات کو پورا کروانے کے لیے پر عزم ہیں۔حکومت پنجاب کی ترجیحات میں زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی سرِ فہرست ہے۔
وزیر زراعت پنجاب کی زیرِ صدارت کاشتکارتنظیموں سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ کسان اتحاد، فارمزایسوسی ایشن اور کسان بورڈ کے نمائندوں نےصوبائی وزیر زراعت کو اپنے مطالبات پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے جائز مطالبات کے حل کیلئے ہم اُن کے شانہ بشانہ شریک ہیں اور اس کے حل کے لئے ہر سطح پر عملی اقدامات کئے جائیں گے۔
سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ذاتی کوششوں سے تاریخ میں پہلی مرتبہ گنے کے کاشتکاروں کو اُن کا جائز حق ملا ہے اور آلو کے کاشتکاروں کو بھی اچھے دام موصول ہوئے ہیں۔تحقیقاتی اداروں کے فصلوں کی نئی اقسام کی دریافت کو بھی سراہا اور انہیں بتایا کہ محکمہ نے پہلی مرتبہ بریڈنگ رائٹس کو پوری طرح لاگو کر دیا ہے ۔
سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ ٹیوب ویلوں پر بجلی کے بلوں میں تحفیف کے لئے وفاقی حکومت کو خصوصی طور پرسفارشات ارسال کی جائیں گی، معیاری زرعی مداخل کی دستیابی کے لئے محکمہ زراعت پوری طرح متحرک ہے۔ کاشتکار تنظیموں کے زرعی زمینوں پر رہائشی کالونیاں بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے اس بابت قانون سازی کی ہدایات بھی کیں۔ سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ آبیانہ کے بڑھتے ہوئے ریٹس کے حل کے لئے محکمہ آبپاشی کے تعاون سے معاملات اور لینڈ ریونیو ریکارڈ سنٹر میں کاشتکاروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔











