یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں شعبہ باٹنی کے زیر اہتمام قدرتی مصنوعات کی نمائش کا انعقاد

184

اوکاڑہ۔30مار چ (اے پی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی کی طرف سے نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ اور طلباء کو مختلف قدرتی اور نامیاتی مصنوعات مثلا شیمپو، پرفیوم، سینیٹائزر، کاسمیٹکس اور کھانے والی اشیاء کے استعمال اور فوائد کے متعلق آگہی فراہم کی گئی۔

نمائش کا افتتاح رجسٹرار ڈاکٹر محمد طاہر خان نے کیا۔ نمائش میں رکھی گئی مصنوعات میں سب سے پرکشش چیز کھمبی تھی جس کو شعبہ باٹنی کے طلباء اور اساتذہ نے ابتدائی بنیادوں پہ لیبارٹری میں تیار کیا تھا۔ شعبہ باٹنی کےسربراہ ڈاکٹر فہیم ارشدنے انکشاف کیا کہ کھمبیاں متعدد غذائی اور طبی فوائد کی حامل ہیں ان میں پروٹین، فائبر، معدنیات اور وٹامن وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ کئی بیماریوں مثلا شوگر، بلڈ پریشر، کینسر، اعصابی مسائل اور دل کے امراض کےلیے مفید ہیں۔

اس پراجیکٹ کی روح رواں ڈاکٹرحرا بشیر نےکہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ملکرکھمبی کی کمرشل بنیادوں پر کاشت کی منصوبہ بندی کررہی ہیں۔ شعبہ باٹنی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اقبال نے کہا کہ  کھمبی کوکمرشل اور صنعتی پیمانے پہ اگا کر بھرپور منافع کما سکتے ہیں۔یونیورسٹی آف اوکاڑہ کےوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر شعبہ باٹنی کو سراہتے ہوئےتحقیق کو جاری رکھنے اور اسکا دائرہ کار وسیع کرنےکےلیے وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔