کوئٹہ،12اپریل(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے ورچول اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مردم شماری پر مفصل کام ہونے سے یقینا اس کے اچھے نتائج حاصل ہوں گے۔اور صوبوں کے تحفظات کا ازالہ بھی احسن انداز سے ہو سکے گا-
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا ورچول اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سمیت چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محمد علی کاکڑ اور وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری زاہد سلیم بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں مردم شماری 2017 کے نتائج سے متعلق ایک نکاتی ایجنڈے پر بحث کی گئی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مردم شماری 2017 کے نتائج سے متعلق مخلوط حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اور اس حوالے سے حکومت میں شامل جماعتوں کے ساتھ مشاورت بھی کی گئی جس پر حکومت میں شامل جماعتوں نے اپنی اپنی آراء اور تجاویز بھی دی۔
وزیراعلی نے کہا کہ ہم اصولی طور پر مردم شماری 2017 کے نتائج کو تسلیم کرتے ہیں اور اس حوالے سے مزید سفارشات اور تجاویز بھی مشترکہ مفادات کونسل میں لائی جائیں گی۔ وزیر اعلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگلی مردم شماری کیلئے جلد اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی بھی کمیٹی کی تشکیل اور ٹی او آرز پر بہتر کام کرنے سے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔