پاکستان، جرمنی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے؛ وزیر خارجہ  کی جرمن پارلیمان کے صدر سے ملاقات میں   گفتگو

14

برلن ،12اپریل  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، جرمنی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،دو طرفہ سیاسی تعلقات کے فروغ کیلئے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

  وزیر خارجہ نے پیر کو  برلن میں جرمن پارلیمان کے صدر وولف گانگ شوئبلے سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،پالیمان کی سطح پر روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ  نے کہا کہ  پاکستان، جرمنی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔وزیر خارجہ نے کرونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لئے جرمنی کی بروقت اور موثر کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق، کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے “سمارٹ لاک ڈاؤن” کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔انہوں    نے کہا کہ پاکستان کے” ایوان زیریں (قومی اسمبلی) و ایوان بالا (سینٹ) “میں الگ الگ پاک جرمن پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کی موجودگی خوش آئند ہے ۔

وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کیلئے، جرمن پارلیمان میں بھی” خصوصی فرینڈشپ گروپ” تشکیل دیا جائے گا۔انہوں   نے دو طرفہ سیاسی تعلقات کے فروغ کیلئے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل مسرت ہے کہ ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی، جرمنی میں مقیم ہیں اور مختلف شعبہ جات میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ 22 کروڑ آبادی پر مشتمل پاکستان، بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ایک ابھرتی ہوئی پر کشش مارکیٹ کا درجہ اختیار کر چکا ہے۔ہماری حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ای ویزہ سہولت سمیت بہت سی مراعات دے رہی ہے ۔انہوں  نے موثر جرمن کمپنیوں /سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دعوت بھی دی۔

جرمن پارلیمان کے صدر وولف گانگ شوئبلے نے وزیر خارجہ کی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، حالات معمول پر آتے ہی ، جلد پاکستان تشریف لائیں گے۔

جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے ۔