پشاور،19اپریل(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان سے پاکستان میں نوتعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے وفد کے ہمراہ پیر کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔گورنرخیبرپختونخوا نے چینی سفیر کو صوبہ میں 5 شعبوں زیتون، شہد،تازہ اور خشک میوہ جات، زعفران اور قیمتی پتھروں کی انتہائی استعداد سے متعلق آگاہ کیا۔
گورنر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ چائنہ کیلئے مذکورہ 5شعبوں میں تجارت وسرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں،مذکورہ شعبوں کو فروغ دینے سے اقتصادی ترقی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔چینی سفیر نے مذکورہ شعبوں میں کام کرنے پر دلچسپی کااظہار کیا اورکہاکہ ایک بہترین تعلقاتی نظام کی بنیاد پر مذکورہ 5 شعبوں میں کام کا آغاز کیا جائیگا،مذکورہ شعبوں کیلئے حکومتی اور اطراف کے تاجروں کی سطح پرجامع اسٹریٹیجی تشکیل دی جائیگی۔
چینی سفیر نے کہاکہ ان شعبوں میں کام کیلئے چینی سفارتخانہ چائنہ کمپنیوں کو ہرممکن پالیسی تعاون فراہم کرے گااورچائنہ کمپنیوں کو پاکستانی زیتون اور قیمتی پتھروں کی اہم استعداد سے فائدہ اٹھانے کی توجہ دلائی جائے گی۔
گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے پاک چین تعلقات کو مثالی قراردیتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان برادرانہ ودوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے عوام اقتصادی وسماجی ترقی کیلئے ملکر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
ملاقات میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ بھی موجود تھے