جامع حکمت عملی اور مکینیزم کے ساتھ صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

36

کوئٹہ،19مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے وزیر اعلی سکریٹریٹ میں ملاقات کی، ملاقات میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور  بلوچستان عوامی پارٹی کی تنظیم سازی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران  صوبائی وزیر خزانہ  نے اس امر کا اظہار کیا کہ قائد ایوان وزیر اعلی بلوچستان کو بلوچستان عوامی پارٹی اور مخلوط حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کا بھرپور اعتماد حاصل ہےاور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی بہترین قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی۔صوبائی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ انکی  بھرپور حمایت اور تائید وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ساتھ ہمیشہ جاری رہے گی۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور صوبہ کے وسیع تر مفاد میں تمام فیصلے کرے گی اور ایک جامع حکمت عملی اور مکینیزم کے ساتھ صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا