پشاور، 4جون(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو پولیو سے پاک بنانے کیلئے پرعزم ہے ،کورونا وباء کے باوجود پولیو مہمات کا انعقاد پولیو کے خاتمہ کے حکومتی عزم کی عکاسی ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نے صوبے میں 7 جون سے 3 روزہ شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ افتتاحی تقریب پولیس اینڈ سروسز ہسپتال میں منعقد ہوئی۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی خوش آئند ہے کیونکہ ہمارا ہدف پولیو کا مکمل خاتمہ کرنا ہے جسمیں والدین سمیت ہر شعبہ زندگی کے افراد کا تعاون حاصل کرنیکی ضرورت ہے۔ اسکے ساتھ لوکل میڈیا کے موثر تعاون سے بھی معاشرے میں پولیو کے خلاف شعور و آگاہی میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کیخلاف سال 2020ء میں حاصل کی گئی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ و موثر ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے انسداد پولیو سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم 3 دن صوبہ کے طول و عرض میں جاری رہے گی جس دوران 62 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے- انہوں ے بتایا کہ مہم میں تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 30183 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ان ٹیموں میں 27059 موبائل، 1913 فکسڈ، 152 رومنگ اور 1060 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جنکے تحفظ کیلئے مہم کے دوران پولیس اور سکیورٹی اداروں کا تعاون حاصل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جارہا ہے، کورونا وباء کے باوجود 2020ء سے پولیو کی روک تھام کی کامیاب کاوشیں کی گئیں۔











