رحیم یارخان، 07 جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نےتحصیل ہسپتال صادق آباد کا پیر کے روز دورہ کیا۔ انہوں نے دو مسافر ٹرینوں کے مابین حادثہ کے زخمیوں کی عیادت اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ دومسافر ٹرینوں کے درمیان افسوسناک حادثہ میں ہلاکتوں کا دکھ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت ہے کہ ٹرین حادثہ کے زخمیوں کو بھر پور طبی امداد فراہم کی جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب ٹرین حادثہ کے زخمیوں کی منتقلی کے ریسکیو اپریشن کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیل ہسپتال صادق آباد میں ٹرین حادثہ کے8مریضوں کو لایا گیا جبکہ 4مریضوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین حادثہ میں زخمیوں کی ہسپتالوں میں منتقلی کا ریسکیو اپریشن جاری ہے، ریسکیو1122 کا طبی عملہ جائے حادثہ پر معمولی زخمیوں کا طبی امداد فراہم کر رہا ہے، ٹرین حادثہ کے مقام پر بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے، ٹرین حادثہ کے زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔











