حکومت نے والدین کے تحفظ کیلئے والدین تحفظ آرڈیننس 2021جاری کیا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق کی میڈیا سے گفتگو

34

مظفرگڑھ، 24جون(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ بعض لوگوں کو اپنے والدین کے ساتھ رویہ غیر مناسب ہوتا ہے، ان پر تشدد کرتے ہیں اور ان کو گھر سے نکال دیتے ہیں۔ جس پر حکومت وقت نے والدین کے تحفظ کیلئے والدین تحفظ آرڈیننس 2021جاری کیا ہے۔ جس کے تحت مظفرگڑھ کے نواحی علاقہ موضع لٹکراں بستی چاہ بھکر والا کے رہائشی محمد اقبال اور غلام فاطمہ نے ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین کو درخواست دی کی ان کے بیٹے مختیار حسین کا رویہ ان کے ساتھ اچھا نہیں ہے وہ ان کے ساتھ مار پیٹ کرتا تھا، تشدد کرتا تھا اور ایک سال قبل ان کو گھر سے نکال دیا تھا۔ غلام فاطمہ مختلف گھروں میں کام کر کے گزر بسر کرتی تھی جبکہ محمد اقبال قوت سماعت سے محروم ہے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے محمد اقبال، غلام فاطمہ اور ان کے بیٹے مختیار حسین کو اپنے آفس میں طلب کیا اور فریقین سے ان کا مؤقف سنا اور فریقین کو آپس میں تصفیہ کرنے کا موقع دیا، مختیار حسین نے اپنے والدین سے معافی طلب کی اور ان کو اپنے ساتھ گھر لے جانے کا کہا لیکن والدین اپنے بیٹے کو معاف کرنے کیلئے تیار نہیں تھے۔

ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے آرڈیننس تحفظ والدین 2021کے تحت مختیار حسین کو ایک ماہ قید اور 50ہزار روپے جرمانے کا فیصلہ سنایا ہے اور متعلقہ ایس ایچ او تھانہ سول لائن مظفرگڑھ کو محمد اقبال اور غلام فاطمہ کا گھر خالی کرا کے ان کے حولے کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔