ہائرایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی اور نکٹا کے اشتراک سے خیبرپختونخوا کے  اعلی تعلیمی اداروں میں ڈرگ کے استعمال اور انتہاپسندی کے رحجان کی روک تھام سے متعلق اجلاس کا انعقاد

21

پشاور،1 جولائی(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی ہدایت پر جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں گورنر سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام ہائرایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی اور نکٹا کے اشتراک سے صوبے کی اعلی تعلیمی اداروں میں ڈرگ کے استعمال اور انتہاپسندی کے رحجان کی روک تھام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبہ کی تمام سرکاری و پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے فوکل پرسنز اور اینٹی نارکاٹیکس فورس کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مشترکہ سیشن میں اعلی تعلیمی اداروں کے ذریعے صوبہ کے نوجوانوں کو ڈرگ کے استعمال اور انتہاپسندی کے رحجان سے نکالنے کے لئے ایک جامع طریقہ کار اور ورک پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے شرکاء کو نوجوانوں میں انتہاپسندی اور منشیات کے استعمال کے تدارک سے متعلق ہائرایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے مستقبل کے پلان اور کاوشوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس میں نوجوانوں کو انتہاپسندی اور  نشے سے دور رکھنے کیلئے یونیورسٹیوں اور کالجز میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے خودکار فنڈ اور سوشل کارپوریٹ ذمہ داریوں کے تحت نوجوانوں کیلئے فن فئیر، آرٹس، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کے علاوہ آگاہی مہم کی تقریبات، سیمینار اور تعلیمی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اجلاس میں ڈرگ اور انتہاپسندی کی روک تھام کے لئے باقاعدہ ایک تحقیقی پروگرام، یونیورسٹیوں میں بحالی سنٹر، ماہرین نفسیات کی خدمات  جیسے اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمد ادریس خان نے گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان کے منشیات اور انتہاپسندی سے پاک تعلیمی اداروں کے عزم سے متعلق شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیمی اداروں سے منشیات اور انتہاپسندی کے رحجان کا خاتمہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ  اساتذہ روایتی تعلیم کی فراہمی کے علاوہ نوجوانوں کو منشیات اور انتہاپسندی کے معاشرے اور ملک پر منفی اثرات سے متعلق بہتر انداز میں آگاہ و روشناس کرا سکتے ہیں۔

یہاں بات قابل ذکر ہے کہ چند دن پہلے گورنرسیکرٹریٹ میں ہائرایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے مابین صوبہ کے نوجوانوں کو انتہاپسندی اور ڈرگ کے استعمال سے بچانے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس کے مہمان خصوصی گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان تھے،اسی  تقریب میں گورنر شاہ فرمان نے اپنے خطاب کے دوران  ایم او یو کو  نوجوانوں کو انتہاپسندی اور نشے سے بچانے و دور رکھنے میں ایک بہترین اقدام قرار دیا تھا۔