رازش لیاقت پوری کی کتاب”اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، عہد ڈاکٹر اطہر محبوب’’ کی تقریب رونمائی

46

ملتان،02جولائی(اے پی پی): ملتان ٹی ہاوس میں رازش لیاقت پوری کی کتاب”اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، عہد ڈاکٹر اطہر محبوب’’ کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر اطہر محبوب، میاں نورالحق جھنڈیر، ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، ڈاکٹر امجد بخاری بھی شریک ہوئے اور بریگیڈئر قیصر، ظہور دھریجہ اور پروفیسر مقبول گیلانی اور دیگر ادبی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے کہا کہ کتاب انسان، معاشرے اور تہذیب کے ارتقاء میں اپنا کردار ادا کرتی ہے اور کہا رازش لیاقت پوری کو تعلیم جیسے مقدس پیشے سے وابستہ شخصیت اور درسگاہ بارے کتاب لکھنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ملتان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا میری اولین خواہش ہے، ایک ادب دوست ہونے کے ناطے ملتان ٹی ہاوس آ کر بہت خوشی ہوئی ملتان ٹی ہاوس کی تزئین و آرائش کی جائے گی اور سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹراطہر محبوب نے کہا اعلیٰ تعلیم کے بغیر کسی ملک کی معاشی ترقی ممکن نہیں اور کہا کہ یونیورسٹی کے تحت سویا بین اور مکئی کے بیج پر تحقیق کو سی پیک منصوبے میں شامل کر لیا گیا ہے، سویا بین اور مکئی کے بیج پر تحقیق کے پراجیکٹ کی تکمیل سے سالانہ ملک کو4ارب ڈالر کی بچت ہو گی۔

میاں نورالحق جھنڈیرنے کہا کہ کتاب کے ذریعے علم کی طاقت حاصل ہوتی ہے جو کامیابی کا ذریعہ بنتی ہے بریگیڈئر قیصر نے کہا جنوبی پنجاب میں مختلف شعبوں میں کام کرنیوالی قابل شخصیات کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

پروفیسر حمیدرضا صدیقی نے کہا وائس چانسلر ڈاکٹراطہر محبوب ایک خاص وژن اور سوچ کے ذریعے تعلیم کی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں۔

ڈاکٹر امجد بخاری نے کہا رازش لیاقت پوری کی کتاب سے پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب پر  مزید بہتر کارکردگی دکھانے کے لئے دباؤ بڑھے گا اورکہا شرح خواندگی میں اضافے کے باوجود پاکستانی قوم کو معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں توجہ کی ضرورت ہے۔

ظہور دھریجہ نے کہا کہ  کتابیں قوموں کے وقار میں اضافہ کرتی ہیں اور کہا کہ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد ملتان کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو ایوارڈ بھی دیئے گئے ایوار ڈ حاصل کرنیوالوں میں شمو لال، رستم حیدری، مظہر جاوید اور پروفیسر مظہر گیلانی، سجاد ملک، فیاض اعوان، پروفیسر معظم درانی، شفقت ملک، آسیہ رفیق اور شہناز سیال شامل ہیں۔