وہاڑی،19 جولائی(اے پی پی ): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللّہ خان نیازی کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں جاری ہیں ۔پولیس تھانہ ماچھیوال نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے 3ممبران کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے 2 لاکھ 10ہزار روپے مالیت کے مویشی جانور، ایک لاکھ نقدی اور 2پسٹل برآمد کئے۔
اسی سلسلہ میں ایس ڈی پی او سرکل صدر مظہر حیات کے زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ماچھیوال صفدر حسین اور اے ایس آئی وقاص گھمن نے ٹیم کے ہمراہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے 3 ممبران محمد عمران, بلال اور محمد سلیم کو گرفتار کر کے 5مقامات ٹریس کر لئے، انکے قبضہ سے 3لاکھ 10 ہزار روپے مالیتی مال مسروقہ جن میں ایک لاکھ نقدی،جبکہ 2 لاکھ دس ہزار روپے مالیت کے مویشی جانور ، 2عدد پسٹل بھی برآمد کئے گئے۔
ایس ایچ او تھانہ ماچھیوال صفدر حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان رات کی تاریکی میں روڈ پر کھڑے ہو کر اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی, موبائل وغیرہ چھین لیتے تھے جبکہ واردات کے دوران تشدد کا نشانہ بھی بناتے جس پر پولیس کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ،ملزمان کو نہ صرف ٹریس کر کے گرفتار کیا بلکہ ان کے قبضہ سے مال مسروقہ بھی ریکور کیا. علاقہ کے لوگوں نے پولیس کی اس زبردست کاروائی پر خراج تحسین پیش کیا۔











