بارشی پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کا جائزہ لیں؛ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کی متعلقہ افسران کو ہدایت

58

چنیوٹ ،20 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان نے مون سون بارشوں کے حوالہ سے متعلقہ  افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شہر سے بارشی پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کا جائزہ لیں اور اس حوالہ سے تمام امور کی کڑی نگرانی کریں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے نشیبی علاقوں سے  پانی کا انخلا فوری کیا جائے جبکہ گلیوں اور سڑکوں کی صفائی ستھرائی میں کسی قسم کی سستی کا مظاہر ہ نہ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ بارش کا پانی جمع ہونے کی اطلاع پر اس کے فوری نکاس کا بندوبست کریں اورشہرکے تمام ڈسپوزل ورکس  کو چالو حالت میں رکھا جائے تاکہ نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں سستی اورعملہ کی غیر حاضری کسی صورت میں ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی، ایم سی کا عملہ اپنی ذمہ داریاں باقاعدگی سے انجام دیں تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے بتایا  کہ صفائی ستھرائی کے مشن میں شہریوں کا تعاون انتہائی ناگزیر ہے۔

 ڈپٹی کمشنر نے شہر کے تمام ڈسپوزل ورکس کا خود دورہ بھی کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران بارش برقی آلات ، بجلی کے پولز اور بجلی کے تاروں کے پاس  ہرگز نہ جائیں جبکہ گھروں کی ناقص اور غیر پختہ چھتوں کے نیچے بیٹھنے سے گریز کریں۔

ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران عصمت اور سی او ایم سی بھی تھے ۔