چنیوٹ،25جولائی(اے پی پی): آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے پولنگ سٹیشنز پر بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان اور ڈی پی او بلال ظفر نے پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیااور پولنگ عملہ اور ڈیوٹی پر مامور ضلعی انتظامیہ ، پولیس اہلکاروں سے گفتگو کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان نے کہا کہ ضلع چنیوٹ میں رہائش پذیر 457 کشمیری حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں،ضلعی انتظامیہ الیکشن کمیشن کی انتظامات کے حوالہ سے بھرپور معاونت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک پولنگ اسٹیشن تحصیل چنیوٹ ،ایک تحصیل لالیاں اور 2 بھوانہ میں قائم کئے گئے ہیں۔
ڈی پی او بلال ظفر نے کہا کہ پولنگ عمل کو پر امن رکھنے کے لئے تمام انتظامات کی خود نگرانی کررہا ہوں ،ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے موثر سیکورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے چاک و چوبند دستے پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی پر مامور کئے گئے ہیں۔











