نارووال،یکم اگست( اے پی پی): ڈپٹی کمشنرنبیلہ عرفان نے تمام مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی ہے کہا ہے کہ وہ عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں،معیاری صاف ستھری اور ملاوٹ سے پاک اشیاء کی ترسیل کو بلا تعطل یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یہ بات کمیٹی روم میں پرائس مجسٹریٹس کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر نبیلہ نے کہا کہ پیاز، لہسن اور ٹماٹر کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے،مارکیٹ کمیٹی کے حکام اپنا موثر کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی اشیاء کی سستے داموں فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے،افسران ذمہ داریاں احسن انداز سے پوری کریں،کسی بھی شخص کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پرائس میکنیزیم پر عمل درآمد ہرصورت یقینی بنایا جائے ۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نارووال نے چیف سیکریٹری پنجاب کی طرف سے پرائسز کے حوالے سے جاری احکامات کی روشنی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانے اور اس کے طریقہ کار کے سلسلہ میں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کےخلاف مقدمات کا اندراج کروا کر موقع پر گرفتار کروایاجائے۔
اے ڈی سی آر عائشہ غضنفر،اسسٹنٹ کمشنرز عرفان مارٹن،عثمان اکرم،ڈی او انڈسٹریز ذیشان نیاز،ایس این اے علی شیر کے علاوہ دیگر پرائس مجسٹریٹس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔











