ملتان، 04 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ پنجاب آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ وومن ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام سے پڑھی لکھی بچیوں کو آگے جانے کا موقع ملے گا، اس سنٹر کے قیام کامقصدان بچیوں کو آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہے جو صرف ڈگری لے کر گھروں میں بیٹھ جاتی تھیں،پنجاب حکومت خواتین کو خودمختار اوربااختیاربناناچاہتی ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے ویمن یونیورسٹی ملتان متی تل کیمپس میں ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام اور ڈیٹاسنٹرکے افتتاح کے موقع پر وومن یونیورسٹی کے ساتھ ایم اویو پردستخط کرنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ ڈیٹا سنٹر کے قیام سے یونیورسٹی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہتر اور موثر استعمال سے بچیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر وائس چانسلر وومن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے کہاکہ ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کے قیام پر 30لاکھ روپے کی لاگت آئی۔
صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ نے خواتین یونیورسٹی میں ڈے کئیر سنٹر کا بھی افتتاح کیا ۔ڈے کئیر سنٹر کے قیام سے یونیورسٹی کی اساتذہ اور دیگر خواتین ملازمین کے بچوں کی بہتر نگہداشت میں مدد ملے گی۔
بعدازاں صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کابھی دورہ کیا۔











