اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستانی سفارتخانہ دبئی اور قونصلیٹ جنرل دبئی میں مقبوضہ کشمیر کے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی غرض سے جمعرات کو ’یوم استحصال‘کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں دبئی میں مقیم کشمیری اور پاکستانی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔دبئی میں پاکستان کے سفیر افضل محمود نے غیور کشمیریوں کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پانچ اگست 2019کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ اقدامات یو این چارٹر،اقوام متحدہ کے قراردادوں،نین الاقوامی قوانین اور چوتھے جینوا کنونشن کے منافی ہیں۔سفیر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی روکنے اور مسلہ کشمیر کو سلامتی کونسلکے قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کے حل تک کشمیری عوام کی سفارتی،اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔قونصل جنرل حسن افضل خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت گزشتی سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے،بالخصوص پانچ اگست کے غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارتی قابض فورسز نے بے گناہ کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی اقدامات کا مقصد مقبوضہ وادی کی آبادیاتی تباسب کو تبدیل کرنا ہے۔انہوں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسلہ کشمیر کے پر امن حل میں اپنا کردار ادا کریں۔