سیالکوٹ۔7اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور سروسز کو بہتر بنارہے ہیں، مسائل اور گورننس کے ادراک کیلئے تمام شہروں کو دورہ کررہا ہوں۔ فروری میں پنجاب میں ہونے والے لوکل باڈیز کے انتخابات میں پی ٹی آئی پوری تیاری سے اترے گی ۔ کشمیر اور ضمنی انتخابات میں سنٹرل میں پی ٹی آئی کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔اور آئندہ ہونے والے بلدیاتی ، کنٹونمنٹ اور جنرل الیکشن میں جیت کر پی ٹی آئی بڑی جماعت بن کر ابھرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق ، رہنما پاکستان تحریک انصاف عامر ڈار، چودھری غلام عباس اور بیرسٹر جمشید غیاث بھی موجود تھے ۔ میاں محمودالرشید نے کہاکہ نواز شریف اور اس کے حواریوں کا بیانیہ عوام میں بری طرح پٹ چکاہے، کشمیر اور سنٹرل پنجاب کے عوام نے ن لیگ کا ملک دشمن بیانیہ مسترد کردیا ہے جس کی وجہ سے ان کو ناکامیوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسی ملک دشمن بیانیہ کی وجہ مسلم لیگ کے اندر دراڑیں پڑچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ کو اس کے ملک دشمن بیانیہ کی وجہ سےآنے والے الیکشن میں کوئی شکست نہیں بچا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں ایک مضبوط اور ملک کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی نے تمام اضلاع کیلئے پیکج کا اعلان کیا ہوا ، ڈسٹرکٹ پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیکر ان پر کام کی رفتار بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کنٹونمنٹ کے انتخابات بھی جیتے گی۔











