کراچی،9اگست (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزعابی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے پاکستان میں بالخصوص صحت، تعلیم ، توانائی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں متحدہ عرب امارات کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات میں بتدریج بہتری آئی ہے جس سے دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کو مذید تقویت ملی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزعابی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کورونا سے نمٹنے کی مجموعی حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان معاونت پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مذید مستحکم بنایا جائیگا۔











