محرم الحرام کے آغاز سے قبل جلوس کے گزرگاہوں کو مکمل طور پر ہموار کر کے ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے؛ایم ڈی واسا ملتان کی ہدایت

32

ملتان ، 09 اگست  (اے پی پی ):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصراقبال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل جلوس کے  گزرگاہوں کو مکمل طور پر ہموار کر کے ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے جبکہ تمام جلوس  گزر گاہوں ،امام بارگاہوں اور قبرستانوں کے اردگرد نکاسی آب کی شکایات کا ازالہ کر کےگٹروں پر ڈھکنوں کی سو فیصد موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

یہ احکامات انہوں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے جاری کیے۔ انہوں نے واسا کے تمام سیوریج، واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو اپنی اپنی حدود میں الرٹ رہنے،تمام ،عزاداران اور لائسنس داروں سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے سورج میانی وڈا تھلہ،رسول پور،الصطفی روڈ،ولایت آباد وہاڑی روڈ سمیت شہر بھر کے جلوس روٹس کو جنگی بنیادوں پر کلیئر کرنے کے احکامات جاری کئے۔

ایم ڈی واسا نے ولایت آباد وہاڑی روڈ پر 24 انچ قطر کی نئی سیوریج لائن ڈالنے کا عمل مکمل ہونے پر مین ہولز کی تعمیر جلد از جلد کرکے امام بارگاہ حرا حیدری کا راستہ فوری طور پر کلیئر کرنے  کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے المصطفی روڈ پر امام بارگاہ ابو تراب کے راستے کو بھی ہنگامی طور پر ہموار کرنے،راستے  سے پائپ ہٹانے  کے احکامات  جاری  کئے  جبکہ مچھلی مارکیٹ چوک پر سیوریج منصوبے پر جاری کام اور سورج کنڈ روڈ کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ کنٹریکٹرز کو کام کی رفتار مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔

ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج ساؤتھ ڈویژن عارف عباس،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج نارتھ ڈویژن محمد ساجد سمیت اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سیوریج،محمد خضر،غلام جعفر، اسحاق بشیر سمیت دیگر بھی موقع پر موجود تھے۔