ڈاکٹررتھ فاؤ کی چوتھی برسی احترام سے منائی گئی

36

لاہور، 10 اگست (اے پی پی ): ڈاکٹررتھ فاؤ کاشمارپاکستان کی ان قابل عزت ہستیوں میں ہوتاہےجنھوں نے اس ملک کی بےلوث خدمت کی۔وہ نہ توپاکستانی تھیں اور نہ ہی مسلمان مگران کاجذبہ قابل تعریف تھا۔انھوں نے پاکستان پراس قدراحسان کئے کہ یہ قرض ہم کبھی بھی نہیں چکاسکیں گے۔ پاکستان سے ان کی محبت اور صحت کے شعبے میں ان کی قربانیاں ہمارے لیےاثاثےکادرجہ رکھتی ہیں۔کئی عشروں سےوہ اپنی شفقت،خدمت،لگن اور خلوص کی وجہ سے کراچی سے خیبرتک جانی جاتی ہیں۔   انھوں نےجذام کے مریضوں کو جینے کا حوصلہ دیا۔ ڈاکٹر رتھ کی صورت میں کوڑھ میں مبتلا مریضوں کو مسیحا ملا۔ ڈاکٹر رتھ نے پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی جذام سے بچاؤ اور علاج کے لیے مراکز کھولے۔ انھوں نے تپ دق یعنی ٹی بی جیسے خطرناک مرض کے حوالےسے بھی کام کیا۔ ڈاکٹررتھ فاؤ جہانِ فانی سے کوچ تو کر گئیں تاہم دنیا کو انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار کر گئیں۔