اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ صادق آباد واقعہ میں 8 سالہ کم سن بچے کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر خارج کر دی گئی ہے، بھونگ مندر بحالی کے بعد ہندو برادری کے حوالے کر دیا گیا ہے، محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے چار رابطہ دفاتر کام کر رہے ہیں۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج محرم الحرام کا تیسرا دن ہے، پورے ملک کے اندر وحدت، اتحاد کی موجود فضا بہتر سے بہتر ہو رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی پوری توجہ ملک کے اندر وحدت، اتحاد اور بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کا ضابطہ اخلاق جاری کیا جا چکا ہے جس پر تمام مسالک کے اکابرین کے دستخط موجود ہیں، پورے ملک کے اندر ایک بہترین فضا قائم ہے جس کی بنیاد اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں ہے، تمام مسالک کے مقدسات محترم ہیں، کسی کو بھی ملک کے اندر تکفیر اور توہین کی اجازت نہیں دی جائے گی۔











