اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت اٹھائے گئے اقدامات پاکستانی نوجوانوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کریں گے اور ملک میں بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی پیدا ہوں گے ۔وہ جمعرات کویہاں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن میں کھیلوں اورہم نصابی سرگرمیوں میں خصوصی ڈویژن کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات نوجوانوں کی بہتری میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔کھیل نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرتے ہیں ۔ اس پروگرام سے ملک میں بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات کو تعلیم کی بہتری کے لئے ایک جامع سوچ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ جامعات معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔ اس سمت میں معیار تعلیم کی بہتری فکلٹی ڈیویلپمنٹ اور نوجوانوں کی کردار سازی اہمیت کی حامل ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے کہ نوجوان وسائل کی کمی کے سبب کسی بھی میدان میں پیچھے نہ رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب نوجوان کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات نوجوانوں کے مطالبات پر اٹھائے گئے ہیں ۔











