جہلم، 13 اگست(اے پی پی): وزیر اعلی ٰپنجاب کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ذمے داری دی گئی ہے، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، امید کرتا ہوں کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام پورے امن وامان سے گزرے گا، یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر کے ہمراہ محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی، کرنل عدنان، امن کمیٹی کے ممبران سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس, جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کیلئے مربوط حکمت عملی سے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔











