ٹنڈو محمد خان ؛پی ٹی آئی کے کارکنان کا ارباب غلام رحیم پر حملے کے خلاف احتجاج

15

ٹنڈو محمد خان ،13 اگست (اے پی پی):تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان کا پیپلز پارٹی کے دہشتگردوں کی جانب سے ارباب غلام رحیم پر حملے کے خلاف بھرپور احتجاج، نااہل ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمدخان کی تبدیلی سمیت فرض شناس افسران مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔

 ایس ایس پی دفتر ٹنڈو محمد خان کے سامنے تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ٹنڈو محمد خان کی جانب سے الطاف نظامانی، حسن خان پٹھان، سعود احمد فاروقی سمیت دیگر کی قیادت میں بھرپور احتجاج کیا گیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے نااہل ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان عابد بلوچ اور ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمدخان یاسر بھٹی کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

 مظاہرین سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دہشتگردوں کی جانب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب غلام رحیم پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، پیپلز پارٹی کے دہشتگرد بخوبی جانتے ہیں کہ ارباب غلام رحیم پیپلز پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ارباب غلام رحیم پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ، نااہل ایس ایس پی عابد بلوچ اور ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی کے فوری تبادلے مطالبہ کیا۔