ہنگو، 13 اگست(اے پی پی): محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے ہنگو پولیس کلب میں گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹل سکاوٹس کے کمانڈنٹ عاطف مشتاق، ڈپٹی کمشنر ہنگو سرمد سلیم اکرم، ڈی پی او ہنگو اکرام اللہ خان، کرنل اسامہ، کرنل فضل سمیت شیعہ سنی مشران حسن خان، ظہیر حسین، ٹکا خان، ملک عرفان، مولانا یوسف و دیگر نے شرکت کی۔
گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس عاطف مشتاق، ڈپٹی کمشنر ہنگو سرمد سلیم اکرم، ڈی پی او ہنگو اکرام اللہ خان نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے کو برقرار رکھنے کے لئے سیکیورٹی کی تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پچھلے سال کی طرح اس سال بھی محرم الحرام بہتر اور پر امن طریقے سے گزرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کا رویہ انتہائی مثبت ہے اور شیعہ سنی مشران کی خواہش ہے کہ ہنگو میں امن و امن برقرار رہے۔
کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس نے مشران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و امان کے لئے مشران کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مشران کو بیرونی ممالک کی سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی دشمن ممالک سے پاکستان میں امن کی فضا برداشت نہیں ہوتی اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی طریقے سے پاکستان کو دوبارہ فرقہ ورانہ فسادات کی طرف دھکیلا جائے لیکن ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے کہ ایسی سازشوں کو ہر صورت ناکام بنائیں۔
کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام کے لئے شرپسندوں کے خلاف جنگ میں عوام کے ساتھ ملکر کامیابی حاصل کی ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی شاید ممکن نہ تھی۔
اس موقع پر شیعہ سنی مشران حسن خان ایڈوکیٹ، ٹکا خان، مولانا یوسف، ظہیر حسین، ملک عرفان ودیگر نے کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس، ڈپٹی کمشنر ہنگو اور ڈی پی او ہنگو کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پچھلی بار کی طرح اس بار بھی ہمارا مکمل تعاون انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہوگا اور ہنگو کے پر امن حالات کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔









