اسلام آباد،13اگست (اے پی پی):صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کے مابین تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں، دونوں ممالک کو باہمی فائدے کے لیے کاروباری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، پولینڈ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسی اور بہتر سکیورٹی ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وہ پاکستان میں پولینڈ کے سبکدوش ہونے والے سفیر پیوتر اوپالنسکی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے مابین تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں، دونوں ممالک کو باہمی فائدے کے لیے کاروباری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں، پولینڈ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسی اور بہتر سیکیورٹی ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک قومی ورثے کے تحفظ ، بحالی کے مشترکہ منصوبوں ، ثقافتی وفود کے تبادلوں اور عوامی روابط کے ذریعے تعلقات بڑھا سکتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پولینڈ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلباء دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے پولش آئل اینڈ گیس کمپنی کی پاکستان میں کاروبار ی سرگرمیاں بڑھانے کی خواہش کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر پولینڈ کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی کوششوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر پولینڈ کے سفیر نے حکومت پاکستان کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئےکہا کہ پاکستان حیرت انگیز طور پر ترقی کر رہا ہے ، نوجوانوں کو پاکستان میں ابھرتے ہوئے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔











