معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ملک کے شمالی علاقوں کے لئے ماحول دوست ای ٹیکسی کا افتتاح کر دیا

25

 

اسلام آباد،16اگست  (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیراعظم کے ماحولیاتی تحفظ کیلئے 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے وژن کے تحت ملک کے شمالی علاقوں کے لئے ماحول دوست ای ٹیکسی کا افتتاح کر دیا ۔پیر کو  نیلم گروپ اور فیصل موورز کے مشترکہ منصوبے کے ذریعے شمالی علاقہ جات کے پہاڑی علاقوں میں پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کے  اجرا کی  لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ میں نیلم گروپ اور فیصل موورز کو ان کے مشترکہ اقدام کے لئے مبارکباد پیش کرتا ہوں  جو جدید نقل و حرکت اور پائیدار ترقی کے میدان میں مستقبل کے تقاضوں کو اپنانے کیلئے کوشاں ہیں۔  نیلم گروپ اور فیصل موورز کے مابین مشترکہ منصوبے کا مقصد ملک کے کاربن فٹ پرنٹ کو کم کرنا ہے جو ایک عالمی اجتماعی مقصد کا حصہ ہے ، ایک مضبوط ڈی کاربونائزیشن ایکشن پلان پر عملدرآمد کے ساتھ شمالی علاقہ جات بالخصوص گلگت بلتستان کے قدرتی ماحول کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔

 امین اسلم نے کہا کہ ای ٹیکسی سروس گلگت بلتستان کے لئے ایک بہت بڑی سروس ہے جسے درجہ حرارت میں اضافہ کے شدید اثرات کا سامنا ہے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ جی بی کے خوبصورت سیاحتی علاقوں میں داخل ہونے والی آٹوموبائل کی تبدیلی ماحول دوست نقل و حمل کے ذریعے وادی میں انقلاب لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان بھی اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے پرجوش ہیں کیونکہ انہیں بھی اس معاملہ پر بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

 معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اس بات پر زور دیا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع امکانات ہیں جبکہ اسے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا بھی سامنا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کے ماحول کی حفاظت کریں کیونکہ ایندھن پر چلنے والی گاڑیوں کا اخراج مقامی ماحول اور ماحولیات کے لئے نقصان دہ ہے، گلگت بلتستان ہماری سیاحت کا بڑا حصہ پیدا کر رہا ہے ، لہذا ہم اسے آلودہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ ای ٹیکسی وفاقی دارالحکومت سے مری اور نتھیاگلی تک شروع ہوگی جبکہ اس کے طاقتور انجن اور بیٹری کی گنجائش بھی گاڑی کو پہاڑی علاقوں میں جانے دے سکتی ہے۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ ای وہیکلز کے فروغ کیلئے حکومت ملک بھر میں نصب ہونے والے چارجنگ سٹیشنوں پر مراعات میں اضافہ کر رہی ہے۔

ملک  امین اسلم نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں (ای وی) دنیا کا مستقبل ہیں اور ملک نے عالمی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2019 میں ای وی پالیسی متعارف کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کی جانب سے پاکستان میں ای وی مینوفیکچرنگ یونٹس شروع کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستان کے لئے یہ ایک بہت اچھا دن ہے کہ وہ ای وی کو ایک نئی سطح پر خوش آمدید کہے جو عام لوگوں کی ایک باوقار اور قابل اعتماد ماحول دوست ٹرانسپورٹ سہولت کے ذریعے مدد کرے گی۔