لاہور، 17 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے ٹوکیو اولمپکس میں قوم کا نام روشن کرنے و الے کھلاڑیو ں اور کے ٹو چوٹی سر کرنیوالے کوہ پیماؤں نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو20، 20لاکھ روپے کے چیک دئیے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو10، 10لاکھ روپے جبکہ محکمہ انرجی کی طرف سے بھی10، 10لاکھ روپے دئیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کوہ پیماؤں ساجد علی سدپارہ، شہروز کاشف کو10،10لاکھ روپے اور کوچ سید فیاض بخاری کو 5لاکھ روپے کے چیک دئیے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم، طلحہ طالب،شہروزکاشف، ساجدعلی سدپارہ اور سید فیاض بخاری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹوکیواولمپکس میں ارشد ندیم اورطلحہ طالب نے ملک کا نام روشن کیا ہے اور شہروز کاشف اورساجد علی سدپارہ نے کم عمری میں کے ٹو جیسی خطرناک ترین چوٹی سر کر کے اپنے بلند عزم کا اظہار کیاہے۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ آپ پاکستان کے حقیقی ہیرو ہیں اور قوم کو آپ پر فخر ہے، آپ جیسے کھلاڑی پاکستان کا سرمایہ ہیں اور پنجاب حکومت ارشد ندیم،طلحہ طالب،ساجد علی سدپارہ اور شہروز کاشف جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ آپ جیسے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے حکومت ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی، کوہ پیمائی بلند حوصلہ نوجوانوں کاکھیل ہے،شہروز کاشف اورساجد علی سدپارہ نے قابل تقلید مثال قائم کی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سپورٹس کے فروغ کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کرے گی، دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کوآئندہ مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔
ارشد ندیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پہلے بھی میری حوصلہ افزائی کی اور آج بھی ہمیں عزت دی ہے، آئندہ اولمپکس میں میڈل جیتنے کی پوری کوشش کروں گا اور قوم کی توقعات پر پورا اتروں گا۔
اس موقع پر طلحہ طالب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے حوصلہ افزائی ہمارے عزم کو مزید بڑھائے گی، ساجد سد پارہ اور شہروں کاشف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پذیرائی پر حوصلے بلند ہوئے ۔
صوبائی وزیر کھیل تیمور علی بھٹی، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کھیل عمر فاروق،اولمپکس ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر عامر جان، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز قائد اعظم تھرمل پاور لمٹیڈعبدالباسط اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔