وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کی ملاقات،وزیراعلیٰ کو محکمہ جیل خانہ جات کی کارکردگی سے آگاہ کیا

52

لاہور، 17 اگست( اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیرجیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے منگل کو یہاں ملاقات کی، ملاقات میں صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے کہا کہ 3برس میں صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے پائیدار اقدامات کئے ہیں، پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہےجبکہ اپوزیشن خود انتشار کا شکار ہےجن کا اپنا ہاؤس ڈس آرڈر ہے وہ ان ہاؤس تبدیلی کے صرف دعوے ہی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے،اپوزیشن کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا جواب عوام کی خدمت سے دے رہے ہیں اور پاکستان کے عوام باشعور ہیں،منفی پراپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔

 فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مخالفین خاطر جمع رکھیں،ان کی دال 2023تک نہیں گلے گی، پی ڈی ایم کے ٹولے کا منفی سیاست سمیت جنازہ نکل چکاہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے آر پار کے دعویداروں کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے، دیانتداری،ایمانداری اورشفافیت کی سیاست کے سامنے کرپٹ ٹولے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔