راولپنڈی،23اگست (اے پی پی):انسپکٹر عمران عباس شہید کی شہادت کے بعد ان کے بچوں کے سکول کے پہلے دن سٹی پولیس آفیسر محمد ا حسن یونس، انسپکٹر عمران عباس شہید کے بچوں کو سکول چھوڑنے خود ساتھ گئے،ایس ایس پی آپریشنز رائے مظہر اقبال بھی سی پی او راولپنڈی کے ہمراہ تھے،شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بچوں کو سکول چھوڑنے کے لئے ٹریفک، ڈولفن اور ایلیٹ فورس کے سکواڈ بھی ہمراہ گئے۔
انسپکٹر عمران عباس کی شہادت کے بعد شہید کے بچے آج پہلے دن سکول گئے ہیں،سکول پرنسپل، اساتذہ اور طلباءنے شہید کے بچوں کا استقبال کیا اور گلدستے پیش کئے،بچوں کے والد انسپکٹر عمران عباس اور دادا سب انسپکٹر میاں محمد عباس دونوں نے ملک و قوم کے لئے جان قربان کی، اس خاندان کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
سی پی او نے سکول پرنسپل سے ملاقات بھی کی،سی پی او محمد احسن یونس کا کہناتھا کہ شہید کے بچوں کی بہترین تعلیم کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے، ہم ہر گھڑی ہر موقعہ پر شہداءکی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں۔