اسلام آباد،27اگست (اے پی پی):پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی نومنتخب ایگزیکٹو باڈی نے حلف اٹھا لیا ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے نومنتخب صدر صدیق ساجد، جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری اور دیگر سے حلف لیا۔
اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے پی آر اے کیلئے 10 لاکھ روپے اور کورونا کی وجہ سے وفات پانے والے ارشد وحید چوہدری، طارق محمود ملک اور سہیل عبدالناصر کے اہل خانہ کیلئے تین تین لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اس موقع پر کہاکہ پی آر اے ایک بہت سنجیدہ فورم ہے۔ انہوں نے کہاکہ سینٹ کی ایک قائمہ کمیٹی نے ایک بل منظور کیا لیکن ایوان سے منظور نہ ہو سکا، کوشش کریں گے کہ ایوان سے یہ بھی منظور ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس بل کے بارے میں قائل کریں گے۔
چیئرمین سینٹ نے کہاکہ صحافیوں سے گزارش ہے کہ پارلیمنٹ کا گھیرائو نہ کریں، ہم تمام فریقین سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے پر اگر وزیراعظم سے بھی بات کرنا پڑی تو کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اﷲ صحافیوں کی فلاح کا بھی بل منظور کرائیں گے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ اگر پی آر اے کے پلیٹ فارم سے کچھ کرنا چاہیں تو ہم مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔