اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ کو حالیہ مثبت اقتصادی اشاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی،گزشتہ سال 4700ارب روپے ٹیکس کی مد میں جمع کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کو حالیہ مثبت اقتصادی اعشاریوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کے پہلے سال میں 7.60 ٹریلین قرضہ، دوسرے سال 3.60 ٹریلین اور تیسرے سال 1.7 ٹریلین روپے قرضہ لیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے بعض قرضے اس لئے اٹھائے جاتے ہیں تاکہ ملکی ذخائر میں اضافہ کیا جا سکے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ڈیبٹ ٹو جی ڈی پی تناسب میں کمی کا رجحان حوصلہ افزا ہے۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 25 اگست2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ ان فیصلوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شام کو فراہم کی جانے والی امداد، چین کی جانب سے درآمد کئے جانے والے بارہ ڈرونز پر ڈیوٹی اور ٹیکسز میں چھوٹ، ملکی تذویراتی ذخائر کے لئے چینی کی درآمد اور گندم کے دوسرے انٹرنیشنل ٹینڈر کے ایوارڈ کے حوالے سے فیصلے شامل تھے۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 25 اگست2021 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ ان فیصلوں میں پاکستان ٹریڈ کنٹرول آف وائلڈ فونا اینڈ فلورا ایکٹ 2012 میں ترمیم، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ورکنگ پارٹی رولز اور پاکستان آرمز رولز 2021ءکی منظوری شامل تھی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال 4700 ارب روپے ٹیکس ریونیو کی مد میں جمع کئے گئے۔ گذشتہ سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران 508 ارب روپے محصولات کی مد میں جمع کئے گئے جبکہ موجودہ سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران 840 ارب روپے محصولات جمع کئے گئے، ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کر رہے ہیں اور محصولات اکٹھے کرنے کا ہدف حاصل کر لیں گے۔











