بہاولنگر: ضلع بھر انسداد ڈینگی کےلئے 626 ان ڈور ،118 آوٹ ڈور ٹیمیں متحرک

15

بہاولنگر، 18 ستمبر (اے پی پی ):  حکومت پنجاب کے احکامات پر ضلع بھر میں انسداد ڈینگی کےلئے 626 ان ڈور اور  118 آوٹ ڈور ٹیمیں متحرک  ، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد شفقت اللہ مشتاق نے  کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے  ڈینگی کےخاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے اور انسداد ڈینگی کے لیے کی گئی کوششیں کارگر ثابت ہو رہی ہیں۔

 یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں  انسداد ڈینگی سے متعلق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی، اجلاس میں انسداد ڈینگی سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔  ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اس کے تدارک کیلئے مربوط انداز میں کام کیا جائے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پرمانیٹر کیا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ویکٹر سرویلینس موثر انداز میں کی جائیں اور اینڈرائیڈ سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے.

اجلاس  میں  محکمہ صحت   اور دیگر تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔