پاکستان اور قازقستان کی آئی اے ای اے کی 65ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر دوطرفہ ملاقات

31

ویانا،21ستمبر(اے پی پی):پاکستان اور قازقستان کے وفود نے آج ویانا میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی 65 ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر دوطرفہ ملاقات کی۔پاکستان کے وفد کی قیادت پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے چیئرمین محمد نعیم نے کی جبکہ قازقستان کی قیادت قازقستان کے نائب وزیر خارجہ مسٹر اکان راخمتولین نے کی۔

دونوں فریقوں نے آئی اے ای اے کے زیراہتمام صحت،زراعت اور صنعت کے شعبوں میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال میں ممکنہ تعاون پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک ویانا میں اپنے مستقل مشنوں کے ذریعے اس سلسلے میں اپنی مصروفیات جاری رکھیں گے۔

پاکستان نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) کی پاکستان کی رکنیت کے لیے قازقستان سے تعاون کی درخواست کی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں وفود کے سربراہان نے تحائف کا تبادلہ کیا۔

ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔