نیویارک،22 ستمبر(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر دونوں ممالک کا باہمی رابطے میں رہنا خوش آئند ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو یہاں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان ال تھانی سے ملاقات میں کیا۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے قطری ہم منصب کے حالیہ دورہ ء پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستان اور قطر کے درمیان دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ دو طرفہ سیاسی و اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر دونوں ممالک کا باہمی رابطے میں رہنا خوش آئند ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے قطر کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، افغانستان میں موجودہ تبدیلی کے دوران خون خرابہ، خانہ جنگی کے امکانات اور افغان مہاجرین کی یلغار کے جس خطرے کو ظاہر کیا جا رہا تھا وہ فی الوقت ٹل چکا ہے۔











