اسلام آباد،24ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو یہاں ڈیجیٹل میڈیا ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل میڈیا انٹرن شپ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بننے کے سفر پر گامزن ہے، حکومت نے معاشرے کے کمزور طبقات اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے پروگرام متعارف کرائے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد ایک ایسا ملک بنانا تھا جو مثالی اسلامی ریاست بنے، اسلامی ریاست خوددار ہوتی ہے کسی کے آگے جھکتی نہیں ہے، ہمیں ایک خوددار قوم بننا ہے، اسلامی ریاست کی دوسری خصوصیت انسانیت کا احساس ہوتی ہے، ہماری حکومت نے اسی احساس کے تحت احساس پروگرام شروع کیا کیونکہ جس معاشرے میں انسانوں کا احساس نہیں ہوتا وہ انسانوں کا نہیں جانوروں کا معاشرہ ہوتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئی معاشرہ انصاف کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، اسلامی ریاست میں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے۔ جہاں قانون کی حکمرانی نہ ہو وہ ”بنانا ریپبلک” ہوتی ہے، ہماری حکومت میں میرٹ کا نظام ہے اور سرکاری عہدے کسی خاندان کے افراد کیلئے نہیں ہیں، ہم طاقتور کو قانون کے ماتحت لانے کی بات کرتے ہیں، ہماری حکومت سے مخالفین کو سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہم چوری کرنے والوں کے احتساب کی بات کرتے ہیں اس لئے وہ باہر بیٹھ کر شور مچا رہے ہیں۔











