اسلام آباد، 25 ستمبر (اے پی پی ): لوک ورثہ میں مختصر فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ،جس میں کانٹے دار مقابلے کے بعد بھیجی گئی 236 انٹریز میں سے منتخب ہونے والی چھ فلوں کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا ۔ ان فلموں میں کاش ، بے گھر، ہیپی برتھ ڈی ، روشن اور ایگل گریپ شامل ہیں ۔ اس فیسٹیول میں بڑی تعداد میں کالج اوریونیورسٹی کے طلباء نے شرکت کی ۔ فیسٹیول کے مہمان خصوصی ایم این اے روبینہ عرفان تھیں ۔ فیسٹیول میں نئے گلوکاروں سمیر علی ، فہد ، فیصل االحق اور بارہ سالہ احتشام نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور شرکاء سے داد وصول کی ۔
فیسٹیول میں پچاس ہزار کا پہلا انعام لینے والی فلم ایگل گریپ ، دوسرا انعام کاش جبکہ تیسرا انعام فلم ہیپی برتھ ڈی نے اپنے نام کیا۔ فیسٹیول کے اختتام پر ” اب بس “نامی مہم کی بھی چند جھلیکیاں پیش کی گئیں ، فیسٹیول کا مقصد نوجوان فلم سازوں کے کام کو پروموٹ کرنا تھا۔