اوکاڑہ:بھٹہ مالکان مزدوروں کے سوشل سیکیورٹی کارڈ ترجیحی بنیادوں پر بنوائیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال

70

اوکاڑہ،29ستمبر(اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال نے کہا ہے کہ ضلع میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے کام کرنے والے سرکاری ادارے اور این جی اوز حکومتی اقدامات کو عملی جامعہ پہنائیں فیلڈ افسران چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں اور کاروائیوں کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں تاکہ ان کی سفارشات پر ایکشن لیا جا سکے ،بھٹہ مالکان مزدوروں کے سوشل سیکیو رٹی کارڈ ترجیحی بنیادوں پر بنوائیں تاکہ مزدوروں کو سہولیات اور مالی فوائد حاصل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹر کٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اراکین ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشیدجیلانی ،

اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شوکت علی ساقی،صدر بھٹہ مالکان انجینئر سلمان اظہر، پبلک پراسیکیوٹر راﺅ اصغر علی ،انسپکٹر سوشل سیکورٹی سید قیصر عباس ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای او بی آئی اختر علی ، صدر’ ماڈا‘/ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس محمد مظہررشید چودھری ، سوشل ویلفیئر آفیسر صائمہ رفیق اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں بانڈڈ لیبر کا کوئی کیس نہ ہے اور نہ ہی ضلع کی تینوں تحصیلوں سے اس سلسلہ میں کوئی شکایت موصول ہوئی ہے اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں 294 بھٹہ خشت ہیں جو سو فیصد زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے محکمہ لیبر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر بھر پور اقدامات کر رہا ہے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال نے کہا کہ بھٹہ خشت کے ساتھ ساتھ ضلع میں فیکٹریوں، ہوٹلوں،ورکشاپوں ،چائے کے کھوکھوں سے بھی چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے بھر پور ایکشن لیا جائے جو لوگ چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ان کو نہ صرف جرمانہ کیا جائے بلکہ ان کےخلاف مقدمات بھی درج کرائے جائیں۔