حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہے؛ وزیراعلیٰ عثمان بزدار

14

لاہور،5اکتوبر (اے پی پی ):  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب  نے منگل کو یہاں اعلی سطح اجلاس   کی صدارت کرتے ہوئے  کہی، اجلاس میں پنجاب کے  لوکل گورنمنٹ سسٹم کے مجوزہ مسودے کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےلوکل گورنمنٹ نظام کے مسودے کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت دیتے  ہوئے کہا کہ  نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نچلی سطح پر اختیارات کو حقیقی معنوں میں منتقل کر کے عوام کو بااختیار بنائیں گے،نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے تحت پنجاب میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تعداد 11تجویزکی گئی ہے۔میونسپل کارپوریشن کی تعداد15رکھنے کی تجویز ہےنئے سسٹم کے تحت میونسپل کمیٹیوں کی تعداد 133اورٹاؤن کمیٹیوں کی تعداد64کی تجویزہے، نئے نظام کے تحت 35ڈسٹرکٹ کونسلز کے قیام کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹس کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دے کر بااختیار بنایا جائے گا۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ لو کل گورنمنٹ اتھارٹی کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ چیئرمین ضلع کونسل ڈسٹرکٹ لوکل گورنمنٹ اتھارٹی کا چیئر پرسن ہوگا ۔ اس کے علاوہ  ٹریڈرز کے لئے ایک مخصوص نشست مختص کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے مسودے کو حتمی شکل دے کر کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم اورمقامی حکومتوں کے نمائندوں کے اختیارات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزراء راجہ بشارت،میاں محمود الرشید،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،سیکرٹری قانون،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔